کیا آنے والے دو دن موسم مزید بگڑے گا؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

پشاور: پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 28 جولائی سے 30 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

مزید برآں، 29 سے 31 جولائی کے دوران گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے اور ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کو یقینی بنانے کے ساتھ ندی نالوں اور ڈرینج سسٹمز کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے تاکہ اربن فلڈنگ کو روکا جا سکے۔

کسانوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کی جلد کٹائی کریں اور محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کریں جبکہ مویشی پال حضرات کو اپنے مویشیوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

قومی و صوبائی شاہراہوں پر مسافروں کو محتاط رہنے اور ممکنہ طور پر متبادل راستے اختیار کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ہوگیا

پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو موسمی الرٹس کو مقامی زبانوں میں پھیلانے، متبادل روٹس اور ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top