پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئندہ احتجاجی لائحہ عمل کے اعلان کے لیے یکم اگست کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پارٹی احتجاج کے حوالے سے سنجیدہ مشاورت کر رہی ہے اور حتمی حکمت عملی یکم اگست کو عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق جنید اکبر کے مطابق، پارٹی رہنماؤں کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کی حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے تاکہ مؤثر انداز میں آئینی حقوق کا دفاع کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو ہونے والا احتجاج ’’تحریک تحفظ آئین‘‘ کے پلیٹ فارم سے ہوگا، جس میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا، علی امین گنڈاپور نے بھی دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’عمران خان کو توڑنے والے خود ٹوٹ جائیں گے، کیونکہ عوام آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’’ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘
پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے مسلسل ایسے بیانات سامنے آ رہے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پارٹی نہ صرف احتجاج کے لیے پرعزم ہے بلکہ موجودہ سیاسی صورتحال میں بھرپور عوامی رابطہ مہم بھی شروع کرنے جا رہی ہے۔