باجوڑ کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ،عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت

ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے سکیورٹی خدشات اور دہشت گردوں کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کے پیش نظر تحصیل لوئی ماموند کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ یہ کرفیو 29 جولائی سے 31 جولائی تک روزانہ صبح 5 بجے سے سہ پہر 5 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی فورسز کو مؤثر کارروائی کا موقع دینے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

متاثرہ علاقے
کرفیو جن علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے، ان میں بادسیاہ، ترخو، ایراب، گٹ، اگرہ، خوڑچئے اور داواوگئی شامل ہیں، جبکہ کلان، لغڑئے، کٹکوٹ، گیلئے، نختر، زرئے، ڈمبرئے، امانتا اور زگئے جیسے علاقوں کو بھی اس فیصلے سے متاثرہ زون میں شامل کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی اپیل
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وقتی تکلیف کا باعث ضرور بن سکتے ہیں، لیکن ان کا مقصد عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ ہے۔

Scroll to Top