خیبر پختونخوا کے پڑوسی اور وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی صلاحیتوں اور مواقع پرگورنر ہاؤس پشاور میں کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔
کانفرنس میں وسط ایشیائی ممالک کے سفراء، ایران و افغانستان کے قونصل جنرلز، خیبر چیمبر آف کامرس کے صدر، TDAP پشاور کے ڈائریکٹر، جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ کے چئیرمین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایس ایم تنویر سمیت بزنس کمیونٹی کے مختلف نمائندے شریک ہوئے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا اور اس موقع پر کہا کہ یہ کانفرنس صوبے کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو تجارتی راہداریوں کے مواقع کو فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم صوبہ ہے جس کی سات سرحدی بارڈرز اسے تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک منفرد مقام فراہم کرتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ صوبے کو وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
گورنر نے خیبر چیمبر آف کامرس اور TDAP انتظامیہ کو اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صوبہ کی تمام سرحدوں سے تجارت کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں سرمایہ کاری و تجارت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور عزم موجود ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا تجارت کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان کو بھی تجارتی راستوں کو ہموار کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک کا مستقبل روشن ہو۔
یہ بھی پڑھیں : رشوت ٹھکرانے پر انعام،روس میں پولیس کے لیے نیا انوکھا منصوبہ
کانفرنس میں شرکاء نے بھی ملکی اقتصادی ترقی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔