ایرانی صدر مسعود پزشکیاں آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، صدر مسعود پزشکیاں کے اس دورے کے دوران وہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے وفود کے درمیان اہم مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں 27 مئی 2025 کو ایران کا سرکاری دورہ کیا تھا، جبکہ مسعود پزشکیاں کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس سے دو طرفہ روابط میں نئی توانائی کی توقع کی جارہی ہے۔