کمبوڈیا: کمبوڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کر دیا ہے۔
یہ اعلان کمبوڈین وزیراعظم کی جانب سے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں انہوں نے ٹرمپ کے بین الاقوامی کردار کو فیصلہ کن اور تاریخی قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سرحدی کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی تھی، اور دونوں ممالک ایک مکمل جنگ کے دہانے پر تھے۔
ایسے نازک وقت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی مداخلت نے حالات کو قابو میں لایا اور دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صدر ٹرمپ فوری طور پر مداخلت نہ کرتے تو آج خطہ ایک خطرناک جنگ کی لپیٹ میں ہوتا۔
ان کی ثالثی نے نہ صرف جنگ بندی کو ممکن بنایا بلکہ ایک مستقل اور تحریری امن معاہدے کی راہ بھی ہموار کی۔
کمبوڈین حکومت کی جانب سے نوبل کمیٹی کو بھیجی گئی نامزدگی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ ان کی قیادت نے ایک ممکنہ انسانی بحران کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔





