چینی اسکینڈل میں سب کچھ سامنے لانے کا وقت آ گیا؟ اپوزیشن نے بڑا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ملک کے خزانے کو لوٹا جا رہا ہے اور کرپٹ عناصر کے خلاف فوری کارروائی ضروری ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ چینی بحران کو بڑے پیمانے پر کرپشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بیوروکریسی سمیت کئی طاقتور حلقے اس معاملے میں ملوث نظر آتے ہیں، جنہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ واضح کرپشن ہے۔ ملک کا پیسہ لوٹا جا رہا ہے اور اصل مجرموں کو بچایا جا رہا ہے۔ ہم جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ سچ عوام کے سامنے آئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کوئی واضح لائحہ عمل نہیں، نہ ہی انہیں عوام کی فکر ہے۔

اپوزیشن لیڈرز کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے باقی اراکین پر بھی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہستان کرپشن اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عدالت سے حکم امتناعی حاصل ہے، وہ اپنے منصب پر قائم رہیں گے۔

عوام کی آواز دبانے کی کوشش ہو رہی ہے، اسمبلی فلور پر بولنے کی آزادی چھینی جا رہی ہے۔ اپوزیشن کا مؤقف عوام تک نہیں پہنچایا جا رہا، ہم جائیں تو کہاں جائیں؟

اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، یہ جدوجہد جاری رہے گی، اور جو بھی ملک کے خزانے کو نقصان پہنچائے گا، اس کا احتساب ضرور ہوگا۔

اختتام پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کیا جائے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

Scroll to Top