خیبرپختونخوا حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں آرٹیفشل انٹیلیجنس(اے آئی ) کے انضمام کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آرٹیفشل انٹیلیجنس سینٹر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) مردان میں قائم کیا جائے گا، یہ سینٹر نہ صرف اے آئی کے حوالے سے پالیسی سازی کرے گا بلکہ تحقیق اور تربیتی پروگرامز کا بھی انعقاد کرے گا۔
حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام اعلیٰ تعلیمی ادارے اس پروگرام کا حصہ ہوں گے اور مختلف شعبہ جات میں ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے، جو طلبا اور اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں گے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تربیتی پروگرامز کی فیسیں یونیورسٹیوں کی عمومی فیسوں سے کم رکھی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: اضاخیل گندم سٹوریج سے گندم غائب ہونے کا کیس، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا
خیبرپختونخوا حکومت کے اس اقدام کو تعلیمی میدان میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف طلبا کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرائے گا بلکہ مستقبل میں اے آئی کے میدان میں پاکستان کی استعداد بھی بڑھائے گا۔





