خواتین ٹریکرز کا خصوصی گروپ تریچ میر بیس کیمپ کی جانب روانہ

خواتین ٹریکرز کا خصوصی گروپ تریچ میر بیس کیمپ کی جانب روانہ

خیبرپختونخوا میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کی جانب ایک اور بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے خواتین ٹریکرز کا خصوصی گروپ تریچ میر بیس کیمپ کی جانب روانہ ہو گیا۔

گروپ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے احکامات اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی خصوصی ہدایات پر تشکیل دیا گیا، جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

16 خواتین پر مشتمل ٹریکرز گروپ چترال، کیلاش، گلگت بلتستان، بلوچستان، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے تعلق رکھتی ہیں جس میں کیلاش کمیونٹی کی ایک خاتون بھی شامل ہے۔

ٹریکنگ مشن میں خواتین کے ساتھ 35 مقامی پورٹرز اور 3 تجربہ کار مقامی گائیڈز بھی شامل ہیں تاکہ سفر محفوظ اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن بی بی فوزیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور چترال میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین ٹریکرز کی اس مہم سے نہ صرف علاقائی سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ایک تاریخی سنگِ میل بھی ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چارسدہ میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی شرح میں خطرناک اضافہ، ایک ماہ میں 176 کیسز رپورٹ

بی بی فوزیہ نے مزید کہا کہ چترال کے مقامی ٹور آپریٹرز سے اب تک 7 سے زائد ٹریکرز گروپ رابطہ کر چکے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خطے کی بلند و بالا پہاڑیوں کی طرف ملکی و غیر ملکی ٹریکرز اور کوہ پیماؤں کی توجہ بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی ہماری کوشش تھی کہ چترال کی خوبصورتی اور ایڈونچر ٹورازم کی صلاحیت کو دنیا کے سامنے لایا جائے۔

Scroll to Top