پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے احساس نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے بغیر سود کی قرض اسکیم باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے۔
یہ اسکیم صوبے کے تمام اضلاع بشمول قبائلی علاقے میں درخواست دہندگان کے لیے دستیاب ہے۔اس اسکیم کے تحت ہر کاروباری ادارے کو ایک سے پانچ ملین روپے تک مارک اپ فری قرضے دیے جائیں گے، جو کاروبار کی صلاحیت اور درخواست دہندگان کی قابلیت کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔
یہ قرض نئے اور موجودہ کاروباروں کی معاونت کرے گا، خاص طور پر گرین انیشیٹیوز جیسے ای-رکشہ پروجیکٹ، آئی ٹی، خدمات اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔
قرض کی درخواست کے لیے کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ پانچ ارکان پر مشتمل رجسٹرڈ بزنس پارٹنرشپ قائم کرنا ضروری ہے۔ تمام ارکان قرض کے استعمال اور ادائیگی کے ذمہ دار ہوں گے۔ قرض کی مدت 8 سال تک ہو سکتی ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 20 ماہ کی رعایتی مدت شامل ہے۔ رقم مرحلہ وار قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد فراہم کی جائے گی۔
درخواست گزاروں کو 90:10 کے حساب سے قرض اور اپنی سرمایہ کاری (ڈیٹ ٹو ایکویٹی) رکھنی ہوگی۔ موجودہ کاروباروں کے لیے فکسڈ اثاثے یا اسٹاک کو ایکویٹی کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ نئے اسٹارٹ اپ کے لیے کیش ایکویٹی کے طور پر بینک میں رقم جمع کرانا ضروری ہے۔ سیکورٹی کے طور پر تمام پارٹنرز کی ذاتی ضمانت اور کمپنی کی کارپوریٹ ضمانت درکار ہوگی۔
اس اسکیم کا دائرہ کار آئی ٹی، تعلیم، صحت، بائیوٹیکنالوجی، زراعت (خصوصاً آف فارم ویلیو چینز)، سیاحت، میڈیا، فٹنس اور گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں کو شامل کرتا ہے۔ کسی بھی قانونی اور اقتصادی طور پر پائیدار کاروباری منصوبے کو ترجیح دی جائے گی۔
درخواستیں متعلقہ سرکاری دفاتر یا آن لائن پورٹل (بعد میں اعلان کیا جائے گا) کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ ضروری دستاویزات میں تمام پارٹنرز کے CNIC، بزنس رجسٹریشن سرٹیفیکیٹس، کاروباری منصوبہ اور سرمایہ کاری کا ثبوت شامل ہے۔
احساس نوجوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کاروباروں کو مانیٹرنگ، رہنمائی اور تکنیکی مدد بھی فراہم کی جائے گی تاکہ قرض کا مؤثر استعمال اور کاروبار کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید معلومات اور درخواست کے طریقہ کار کے لیے خیبرپختونخوا حکومت یا احساس پروگرام کی سرکاری ویب سائٹس ملاحظہ کریں یا قریبی بزنس سہولت مراکز سے رابطہ کریں۔





