خیبرپختونخواحکومت کا دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام شروع کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد اضلاع کی سطح پر پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا تھا۔

کانفرنس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، سوشل ویلفیئر، بلدیات، انتظامیہ اور سیکیورٹی سمیت نو اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنرز کے لیے عوامی خدمات کے سات اہم شعبوں میں اہداف مقرر کیے گئے ہیں جنہیں دسمبر 2025 تک پورا کرنا ہوگا۔

صحت کے شعبے میں تمام پرائمری مراکز صحت میں ادویات، آلات اور طبی عملے کی مکمل دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ تعلیم کے شعبے میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری اور سہولیات کی مکمل فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

زراعت میں فارم سروس سنٹرز پر کھاد، بیج، مشینری اور کیڑے مار ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ لائیو اسٹاک، سیاحت، سوشل ویلفیئر اور بلدیات کے شعبوں میں بھی معیار اور سہولیات بہتر بنانے کے اہداف رکھے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز حکومت کے دائیں ہاتھ ہیں اور نچلی سطح پر حکومتی وژن پر ان کا عملدرآمد اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی محکمے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت ہیں اور اگر کوئی افسر یا اہلکار کام نہیں کر رہا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو مکمل اختیارات بھی دیے تاکہ وہ عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنا سکیں۔کا

نفرنس میں 99 نکاتی ایجنڈے کی روشنی میں پبلک سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کی آزادانہ تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ خدمات کی بہتری یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے کھلی کچہریوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی رابطے کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نےکہا کہ صوبائی حکومت بہت جلد دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام شروع کرے گی،پروگرام کے تحت ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی عملہ بھرتی کیا جا رہا ہے،ڈپٹی کمشنرز اس پروگرام پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا احساس نوجوان پروگرام :بغیر سود کے قرضوں کی اسکیم کیا ہے،طریقہ کار جانئے

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ عوامی توقعات پر پورا اتر سکیں۔

Scroll to Top