فارم 47 کی حکومت، انتقام کی سیاست، مگر خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے موجودہ سیاسی، معاشی اور انتظامی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی، اور عوامی نمائندوں کو غیر آئینی طریقے سے نااہل کر کے عوام کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ملک بھر میں چوری کیا گیا، اور فارم 47 کے ذریعے مانگے تانگے کی حکومت عوام پر مسلط کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومتوں کی کرپشن کو موجودہ حکومت کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوہستان اسکینڈل دراصل وفاق کا مسئلہ ہے، لیکن اس کا سیاسی بوجھ خیبرپختونخوا حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ محض 17 ماہ میں صوبے نے 250 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کی، جو کہ صوبائی تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل ہے۔ان کے بقول، انہیں ایک ایسا صوبہ ملا تھا جو قرضوں میں جکڑا ہوا تھا اور جہاں تنخواہوں کی ادائیگی بھی ممکن نہیں تھی، تاہم صوبائی حکومت نے اسے مالی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ 190 ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا چکا ہے، جس کا ہدف 300 ارب ہے تاکہ قرضوں کی بروقت ادائیگی اور مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا شفافیت، خدمت اور ترقی کے لحاظ سے آج ملک کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ، شہداء کا احترام اور عوام کا اعتماد بحال کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قبائلی جرگوں کا دائرہ مزید وسعت دی جائے گا اور اہم فیصلے عوامی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی پر ہونے والی کارروائیوں کو ’’انتقامی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف قوتیں متحرک ہیں، مگر ہم ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت حالت جنگ میں ہے، اور یہ صرف ایک سیاسی جدوجہد نہیں بلکہ پاکستان اور آزادی کی جنگ ہے۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، آخری دم تک لڑیں گے اور عوامی حق حاکمیت کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

Scroll to Top