بارسلونا: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی سیروتفریح کے لیے بارسلونا میں موجود تھے جب ان پر ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس میں ان کی قیمتی گھڑی چھین لی گئی۔
واقعہ کے دوران عبدالقادر گیلانی کے میزبان کی گھڑی بھی چھین لی گئی، تاہم خوش قسمتی سے تمام اہل خانہ محفوظ رہے۔
عبدالقادر گیلانی نے بارسلونا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گھڑی انہوں نے 12 یا 13 سال قبل اُس وقت خریدی تھی جب سونے کی قیمتیں نسبتاً کم تھیں۔
تاہم وقت کے ساتھ سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس گھڑی کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق گھڑی کی موجودہ قیمت 56 ہزار یورو ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کروڑ 85 لاکھ روپے بنتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویسے تو سونا پہننا مردوں کے لیے شرعی طور پر ممنوع ہے، لیکن سفر میں سونا ساتھ رکھنا عقلمندی ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتِ حال میں اسے فروخت کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : چہلم کے موقع پر پشاور پولیس کے آپریشن میں حیران کن راز سامنے آ گئے
عبدالقادر گیلانی کا کہنا تھا کہ گھڑی اس وقت ان کے ہاتھ میں موجود تھی جب ڈاکوؤں نے واردات کی اور وہ اسے چھین کر فرار ہو گئے۔
یاد رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے اہل خانہ ان دنوں یورپ کے دورے پر ہیں اور بارسلونا میں سیاحت کے دوران یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
عبدالقادر گیلانی نے شکر ادا کیا کہ مالی نقصان کے باوجود سب کی جان محفوظ رہی۔





