نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں: خیبرپختونخوا حکومت کا روزگار، تعلیم اور ہنر کے میدان میں انقلابی اقدامات

نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں: خیبرپختونخوا حکومت کا روزگار، تعلیم اور ہنر کے میدان میں انقلابی اقدامات

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہی ملک کا اصل سرمایہ ہیں، جنہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے روشن اور باوقار مستقبل کے لیے تعلیم، صحت، روزگار اور ہنر کے شعبوں میں کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت نے احساس پروگرام اور روزگار اسکیم سمیت نوجوان ہنر پروگرام کا بھی آغاز کیا ہے، جس کے تحت ہنر سیکھنے والے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے بلکہ انہیں ڈگریاں بھی دی جا رہی ہیں، تاکہ وہ بیرونِ ملک معیاری روزگار حاصل کر سکیں۔ ان کورسز کو خاص طور پر بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس سرکاری سطح پر نوکریوں کی محدود گنجائش ہے، اسی لیے خود کفالت پر توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبے میں صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی جا رہی ہیں تاکہ روزگار کے نئے در کھل سکیں۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے 18 ارب روپے کی لاگت سے 800 میگاواٹ کی نئی ٹرانسمیشن لائن کا آغاز کر دیا ہے، جو 2028 تک مکمل ہوگی۔ اس منصوبے سے صوبے کے کارخانوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی، جس سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، ہنر سیکھیں، خود کفیل بنیں اور صوبے کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top