ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سنایا۔ سماعت کے دوران اعظم سواتی کے وکیل علی عظیم آ فریدی نے عدالت کو بتایا کہ 13 اگست کو صبح 9 بجے اعظم سواتی کا بیرون ملک جانے کا پروگرام ہے، لیکن ان کا نام ای سی ایل اور پی سی ایل میں شامل ہونے کی وجہ سے انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔
وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ عدالت کے حکم کے باوجود انہیں ائیرپورٹ پر جانے کی اجازت نہیں ملی، جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے نمائندے کو طلب کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اعظم سواتی کا نام اب کسی بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ یا پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں ہے اور انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے بیرون ملک جانے کی اجازت ہے۔
ایف آئی اے کے نمائندے نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اعظم سواتی اب بلا روک ٹوک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔
عدالت نے اس مؤقف کو سننے کے بعد سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست کو نمٹا دیا اور ان کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کر دی۔





