پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ججز سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمت کے ساتھ انصاف دیں اور 9 مئی کے مقدمات میں دی گئی سزاؤں کو غیر قانونی قرار دیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے 9 مئی کے کیس میں عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا ہے اور اگلے ہفتے تک اپیلیں مکمل ہو جائیں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل ابھی تک نہیں سنی گئی کیونکہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اپیل کو سماعت کے لیے نہیں لا رہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ جھوٹی گواہیوں کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے جن پر فوری کارروائی ہونی چاہیے اور جو لوگ جھوٹ بول رہے ہیں انہیں جیل میں ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے ججز سے دعا کی کہ وہ ہمت کر کے انصاف کا بول بالا کریں اور جو سزائیں دی گئی ہیں انہیں غیر قانونی قرار دیں تاکہ حق کا بول بالا ہو سکے۔





