پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 14 اگست کو پوری قوم بانی تحریک انصاف عمران خان اور پارٹی سے محبت اور وابستگی کا بھرپور اظہار کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 14 اگست آزادی کا جشن منانے کا دن ہے، جس میں پوری قوم اپنی آزادی کی خواہش اور جذبات کا اظہار کرتی ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ ہم بھی اس دن کو منائیں گے اور عوام بھی اپنے مؤقف کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دن قوم بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ یکجہتی اور وفاداری کا پیغام دے گی۔ 14 اگست کو ملک کے ہر کونے میں لوگ باہر نکلیں گے اور اس تاریخی دن کو یادگار بنائیں گے۔
جنرل سیکریٹری نے واضح کیا کہ یہ دن جشن کا دن ہے، احتجاج کا نہیں، اور بانی پی ٹی آئی کے پیچھے پوری قوم متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ موقع محبت اور اتحاد کا ہے، جسے سیاسی مخالفت سے بالاتر ہو کر منانا چاہیے۔





