محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔
14 سے 17 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارشیں بھی متوقع ہیں۔
مزید برآں، 18 تا 21 اگست کے دوران کشمیر سمیت پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث چھوٹے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے اور اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ جیسے شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ: پیرپیائی میں واپڈا کے خلاف احتجاج، جی ٹی روڈ بند،جھڑپوں میں متعدد زخمی و گرفتار
عوام، خاص طور پر سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی صورتِ حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔





