ٹاروبا میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 295 رنز کا بڑا اسکور بنایا، جس میں کپتان شائے ہوپ نے شاندار اور ناقابل شکست 120 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی قیادت کی۔
ایون لوئس نے 37، جسٹن گریوز نے 43 اور راسٹن چیز نے 36 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو مضبوط کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنرز صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دیگر بیٹسمین بابراعظم صرف 9، سلمان آغا 30، حسن نواز 13 اور حسین طلعت 1 رن بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : تیسرا ون ڈے، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے بڑا ہدف دے دیا
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
اس شاندار جیت کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف سیریز کا اعلان کر دیا ہے اور اپنی بہترین فارم کا ثبوت دیا ہے۔





