ایک کیس کی فیس 5 کروڑ؟ اسپیکر کے سوال پر لطیف کھوسہ کا چونکا دینے والا انکشاف

ایک کیس کی فیس 5 کروڑ؟ اسپیکر کے سوال پر لطیف کھوسہ کا چونکا دینے والا انکشاف

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیر کے روز اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر قانون دان لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کی فیسوں میں اضافے کا معاملہ اٹھایا اور باتوں باتوں میں ایک چونکا دینے والا انکشاف کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق لطیف کھوسہ نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن کا ٹکٹ 5 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ہر قسم کی اپیلوں کی فیسوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج انہیں سپریم کورٹ میں داخلے سے بھی روک دیا گیا۔

اس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ازراہِ مذاق پوچھا’’آپ ایک کیس کی کتنی فیس لیتے ہیں؟لطیف کھوسہ نے اس سوال کا غیر متوقع جواب دیتے ہوئے کہا’’مجھے حنیف عباسی کے خلاف کیس میں 5 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن میں نے سیاسی شخصیت کے خلاف کیس لینے سے انکار کر دیا۔’’اسپیکر نے ہنستے ہوئے کہا’’آپ ایک کیس کا 5 کروڑ لیتے ہیں، کبھی کھانا شانا بھی کھلاتے ہیں؟’’جس پر کھوسہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا‘‘جب آپ کہیں گے کھلا دوں گا!

اسمبلی کا ماحول اس مکالمے پر خوشگوار ہو گیا، جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا’’ادھر حنیف عباسی موجود ہیں، جنہیں رات کے اندھیرے میں عمر قید سنائی گئی، لیکن عدالتوں نے بعد میں بری بھی کر دیا۔‘‘اجلاس کے دوران فیسوں میں اضافے پر ایوان میں سنجیدہ بحث بھی ہوئی، اور وزیر قانون نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کو حل کیا جائے گا۔

Scroll to Top