پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت ناساز ہونے پر انہیں فوری طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ منتقل کر دیا گیا۔ وکیل کے مطابق اعجاز چوہدری کو گردوں میں انفیکشن اور پتے میں سات پتھریوں کے باعث شدید تکلیف کا سامنا ہے۔

اعجاز چوہدری کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے مؤکل کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے، اور اب تک ان کا وزن 22 کلوگرام کم ہو چکا ہے۔ اسپتال میں ان کے متعدد طبی ٹیسٹ جاری ہیں۔

جیل حکام کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔

یاد رہے کہ اعجاز چوہدری نو مئی کے مقدمات کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ انہیں 22 جولائی کو انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور سرفراز چیمہ— کے ہمراہ 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ شاہ محمود قریشی اور دیگر کو بری کر دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز چوہدری کی مسلسل خراب صحت باعث تشویش ہے اور جلد از جلد مناسب علاج کو یقینی بنانے کے لیے قانونی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top