عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات کے تحت پاکستان میں 16 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان ہے۔ وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روزہ قیمتوں میں ڈیزل سستا اور پیٹرول مہنگا ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات ے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.75 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہےپیٹرول کی قیمت میں 1.32 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہےمٹی کا تیل 6.25 روپے فی لیٹر اورلائٹ ڈیزل آئل 7.11 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز )کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی (IEA) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اس سال اور آئندہ سال کے دوران تیل کی اضافی سپلائی میں ممکنہ اضافہ متوقع ہے۔ اس پیشگوئی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور تیل کی فی بیرل قیمت دو ماہ کی کم ترین سطح یعنی 62.7 ڈالر تک آ گئی ہے۔
جہاں ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی عوام، خاص طور پر ٹرانسپورٹرز اور زرعی شعبے کے لیے ریلیف ثابت ہو سکتی ہے، وہیں پیٹرول کی قیمت میں متوقع اضافہ شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتا ہے، کیونکہ نجی ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے طبقے کا زیادہ تر انحصار پیٹرول پر ہوتا ہے۔
وزارتِ خزانہ اور اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان 15 اگست کی رات کو کیا جائے گا، اور نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اگست سے ہوگا۔
گزشتہ چند ماہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال دیکھی جا رہی ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات پر پڑتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی رجحانات کے مطابق قیمتوں میں کمی یا اضافہ جاری رہے گا، تاہم ملکی معیشت اور روپے کی قدر بھی ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔