ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی رفتار میں دوبارہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں حالیہ ہفتے 0.31 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ شرح 2.21 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، چکن، انڈے، پیاز، لہسن، گندم کا آٹا، گڑ، دال ماش اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کیلا، آلو، دال چنا، مونگ، مسور، گھی، نمک، چاول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں فی کلو 10 روپے 42 پیسے کا اضافہ ہوا، چکن کی قیمت میں 19 روپے 67 پیسے اور انڈوں کے دام میں فی درجن 6 روپے 19 پیسے تک اضافہ ہوا ہے۔ اسی دوران چینی کی قیمت میں بھی فی کلو 52 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گندم کا آٹا بھی 21 روپے 18 پیسے فی تھیلا مہنگا ہوا جبکہ کیلے کی قیمت فی درجن تقریباً 4 روپے کم ہوئی۔ اسی طرح آلو ایک روپے 37 پیسے، اور گھریلو ایل پی جی سلنڈر 10 روپے 39 پیسے سستا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے فنڈز جاری
دال مسور، چنا، چاول، نمک سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے جبکہ تازہ دودھ، دہی، سگریٹ، بریڈ سمیت 25 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔