وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انجینئر امیر مقام نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کا جائزہ لیا۔
امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے،بونیر کے کئی دیہات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں جن کے لیے دعا گو ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ایف سی اور دیگر ادارے بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے تمام وسائل متاثرین کی امداد کے لیے فراہم کیے جائیں گے اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انجینئر امیر مقام نے اس قدرتی آفت کو 2005 کے زلزلے کے بعد دوسرا بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ بونیر میں عارضی راستوں کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد ہی متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں گے۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بونیر، ڈی پی او، ضلعی انتظامیہ اور پیسکو، پی ٹی اے سمیت وفاقی محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔





