اخونزادہ فضل حق
مردان:خیبر پختونخواہ میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئےعبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے اساتذہ، ملازمین اور انتظامیہ نے ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہےجو 4.5 ملین کی رقم بنتی ہے ۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ یونیورسٹی ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے وقت قومی یکجہتی اور انسانی ہمدردی کا جذبہ ہی قوموں کی اصل پہچان ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جمیل احمد نے مزید کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی نہ صرف تعلیمی میدان میں خدمات انجام دے رہی ہے بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھا رہی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کے لیے مالی امداد کے ساتھ ساتھ دیگر ممکنہ تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔





