اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 17 سے 22 اگست کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور وزیرستان میں 17 سے 19 اگست تک تیز بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح پنجاب کے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، جہلم، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پاکپتن، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 18 سے 20 اگست کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے متعدد اضلاع جیسے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، سانگھڑ، خیرپور، کراچی، دادو، جامشورو، سکھر، ٹنڈو محمد خان اور دیگر علاقوں میں 17 سے 22 اگست تک تیز بارشوں کی توقع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، خضدار، لسبیلہ، اواران، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی 17 سے 21 اگست کے دوران بارشوں کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جبکہ بعض شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔





