مودی حکومت کی پالیسیوں پر بھارتی جنرل برس پڑے، میڈیا کا بیانیہ "کچرا" قرار دیا

مودی حکومت کی پالیسیوں پر بھارتی جنرل برس پڑے، میڈیا کا بیانیہ “کچرا” قرار دیا

بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے کہا ہے کہ بھارت کی موجودہ پالیسیوں نے خطے میں تناؤ کو جنم دیا ہے اور آپریشن سندور کے دوران بھارتی میڈیا نے اپنی ساکھ کھو دی۔

یش مور نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت نے جنگی صورتحال میں بھرپور وقار کا مظاہرہ کیا جس کے بعد نہ صرف ان کا قومی وقار بلند ہوا بلکہ عالمی سطح پر بھی انہیں پذیرائی ملی۔

ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی آرمی چیف کو دعوت دینا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے سوال اٹھایا کہ بھارت کب تک اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل کشیدگی کا ماحول برقرار رکھے گا؟

یش مور کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے زمینی حقائق کے برعکس دعوے کیے، اسلام آباد تک پہنچنے اور کراچی کو نذرِ آتش کرنے جیسے بیانات، جنہیں کوئی روکنے والا نہ تھا، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات نے بھارت کے میڈیا کو دنیا بھر میں مضحکہ خیز بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ایک دوست کے لیے دوسرے کو قربان نہیں کرے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

بھارتی ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران بھارتی سلیبریٹیز اور یوٹیوبرز نے بھی غیر سنجیدہ رویہ اپنایا اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کوئی اعتماد کرنے کو تیار نہ تھا کیونکہ پیش کردہ مواد سنجیدگی سے خالی اور حقیقت سے دور تھا۔

Scroll to Top