تربیلا ڈیم کے سپِل ویز کھول دیے گئے، سیلابی صورتحال کا خدشہ

تربیلا ہائی لیول سے صرف 3 فٹ دور، سیلابی خطرے کی گھنٹی بج گئی

تربیلا : تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1547 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ ہائی لیول سے صرف 3 فٹ کم ہے۔

ڈیم کے سپیل ویز گزشتہ تین روز سے کھلے ہیں اور پانی کا اخراج 3 لاکھ 81 ہزار 500 کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جس سے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث خانپور ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے اور دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ پانی کا بہاؤ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

بہاولنگر میں دریائے ستلج کے کئی بند ٹوٹنے سے پانی زرعی اراضی میں داخل ہو چکا ہے اور کچے کے علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔

چنیوٹ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں ایکڑ کھڑی فصلیں زیر آب آ گئی ہیں۔ پاکپتن میں بھی دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے جس سے سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی جہاز گرنے کی ویڈیوز کی خفیہ کہانی محسن نقوی نے بے نقاب کر دی

چشتیاں کے مقام پر دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب سے فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس سے کسانوں کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ انتظامیہ نے عوام کو سیلاب سے بچاؤ کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں اور محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top