پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی کابینہ کے اراکین 15 دنوں کی تنخواہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے اراکین سات دنوں کی تنخواہیں متاثرین کی امداد کے لیے دیں گے۔
وزیراعلیٰ کے اعلان کے مطابق سکیل 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین دو دنوں کی جبکہ سکیل 1 سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے عطیہ کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے امدادی عطیات کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پی ڈی ایم اے میں ایک خصوصی اکاونٹ کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان آفات کا گڑھ بن چکا ہے، آفات سے نمٹنے والی ایجنسیاں کہاں ہیں؟ سینیٹر ایمل ولی خان
اس فنڈ کے استعمال کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا اور عوام کو ہر پائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب زدگان ہماری خصوصی توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔