باجوڑ،رجسٹریشن کے نام پرمتاثرین سے رقم بٹورنے والا جعلساز گرفتار

عباس خان
باجوڑ :تھانہ اتمان خیل پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ماموند کے متاثرہ خاندانوں سے رجسٹریشن کے نام پر رقم وصول کرنے والے فراڈی شخص ابرار اللہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم جدید حربے استعمال کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو دھوکہ دے رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) باجوڑ وقاص رفیق نے عوام الناس کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جعلساز عناصر سے ہوشیار رہیںاور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی نقصان سے بچانے کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے تعاون سے ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کے نام پر ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : توانائی بچت کے لیے بڑا اقدام، پرانے پنکھے تبدیل ہوں گے،دو ارب روپے جاری

پولیس نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن کا عمل صرف دو مقامات پر جاری ہےقذافی نادرا سینٹر اور ٹیکنیکل کالج عنایت کلے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ صرف انہی مجاز مراکز سے رجوع کریں تاکہ جعلسازی سے محفوظ رہا جا سکے۔

Scroll to Top