اسلام آباد: ماہِ ربیع الاول 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 24 اگست بروز اتوار شام 6 بج کر 30 منٹ پر وزارتِ مذہبی امور کے دفتر میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادکریں گے۔
ترجمان کے مطابق، چاند کی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کے تمام ارکان کو مدعو کیا گیا ہے، جب کہ ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے تاکہ سائنسی اور موسمیاتی شواہد کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں، زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوںکے اجلاس بھی اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ ان شہادتوں کی بنیاد پر چاند کی رویت یا عدم رویت کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ربیع الاول کا چاند 24 اگست کو نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔ ماہرین فلکیات کے مطابق، چاند کی پیدائش23 اگست بروز ہفتہ صبح 11 بج کر 6 منٹ پر ہوگی اور 24 اگست کی شام کو چاند کی عمر32 گھنٹے 17 منٹ ہو چکی ہوگی جو کہ رویت کے لیے موزوں ترین عمر سمجھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ،رجسٹریشن کے نام پرمتاثرین سے رقم بٹورنے والا جعلساز گرفتار
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں خصوصاً کراچی سمیت ساحلی و میدانی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کی توقع ہے، جس سے چاند دیکھنے کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً 44 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جو کہ بصری رویت کے لیے مناسب وقت فراہم کرتا ہے۔





