صوابی:خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں گدون دالوڑی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے اب تک 41 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
آپریشن میں 150 سے زائد ریسکیو اہلکارمسلسل کئی روز تک بلا تعطل مصروف رہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ہیوی مشینری اور جدید آلات استعمال کیے گئے تاکہ رکاوٹوں کو ہٹا کر لاپتہ افراد تک فوری رسائی ممکن ہو سکے۔
آپریشن میں 13 ایمبولینسز، 3 ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل، 2 واٹر ریسکیو یونٹ، 3 فائر وہیکل، ایک ریکوری وہیکل، 5 ایکسیویٹرز اور 2 لوڈرز شریک رہے، جنہوں نے نہایت منظم انداز میں ریسکیو سرگرمیوں کو مکمل کیا۔
ادھر کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے تصدیق کی ہے کہ تمام لاپتہ افراد کی نعشیں برآمد کر لی گئی ہیں، اور اب ریلیف و بحالی کا عمل جاری ہے۔
ان کے مطابق، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار
کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور** مسلسل صورت حال سے آگاہی حاصل کرتے رہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی میں خصوصی دلچسپی لیتے رہے۔





