اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر محمود اچکزئی قومی ڈائیلاگ کی بات کریں گے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اُن کے نیچے سے زمین کھینچ لے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 14 اگست کی رات وزیراعظم نے میثاقِ استحکام پاکستان کی بات کی، اور اس موقع پر پوری عسکری قیادت وزیراعظم کے ساتھ بیٹھی تھی۔
اس کے باوجود اگر پی ٹی آئی یہ کہتی ہے کہ حکومت کے پاس کچھ بھی نہیں ہے تو یہ راہِ فرار اختیار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور افغانستان ایک زبان اور ثقافت کے لوگ ہیں، مذاکرات ناگزیر ہیں،حافظ نعیم الرحمن
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی سنجیدہ ہوتی تو اب تک مذاکرات کی میز پر آ چکی ہوتی، لیکن اُن کا بیانیہ صرف سیاسی انتشار اور بچاؤ کی کوشش ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے، لیکن پی ٹی آئی خود کو الگ تھلگ رکھ کر جمہوری عمل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔