انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے پریشان صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تین نئی سب میرین کیبلز بچھانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہےجس سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور رابطے کے معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

یہ اعلان وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کیا، جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے لیے اسے ایک اہم خوشخبری قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید دنیا میں ترقی کا دارومدار ٹیکنالوجی پر ہے اور حکومت اسی سوچ کے تحت آئی ٹی سیکٹر میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ صرف پچھلے ایک سال میں پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں 10 ملین کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد موبائل صارفین کی مجموعی تعداد 200 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ اضافہ نہ صرف ڈیجیٹل ترقی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے لیے بھی پرکشش مواقع پیدا کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پچھلے دو برسوں میں ملک میں موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 24 سے 25 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ تقریباً 80 لاکھ خواتین نے پہلی بار موبائل انٹرنیٹ کا استعمال شروع کیا، جو ایک خوش آئند سماجی تبدیلی کی جانب اشارہ ہے۔

ماہرین کے مطابق، تین نئی سب میرین کیبلز کی تنصیب سے پاکستان خطے میں تیز ترین انٹرنیٹ رابطوں کے حامل ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان سے افسوسناک خبر سامنے آگئی

اس پیش رفت سے تعلیمی شعبہ، آن لائن کاروبار، فری لانسنگ اور مجموعی ڈیجیٹل معیشت کو نئی جہتیں ملیں گی، جو ملکی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

Scroll to Top