مون سون کا آٹھواں سپیل، وزیراعظم کی ہنگامی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

مون سون کا آٹھواں سپیل، وزیراعظم کی ہنگامی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

ملک بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے آغاز پر وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فوری فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اور گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں سیلابی صورتحال کے تناظر میں خصوصی احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ زیریں علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکمل تیاریاں رکھی جائیں۔

وزیراعظم نے دریاؤں، ندی نالوں اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں کے اطراف غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے قومی سطح پر مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اطلاعات فراہم کی جائیں اور ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارش، مختلف حادثات میں درجنوں افراد زخمی

وزیراعظم نے گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دینے پر وصیت خان کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بروقت اطلاع نے ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top