نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب کے اہم سفارتی دورہ پر جائیں گے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب کے اہم سفارتی دورہ پر جائیں گے

نائب وزیراعظم اور وزیر کارجہ اسحاق ڈار 25 اگست کو سعودی عرب میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اسحاق ڈار 25 تا 26 اگست سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا آیا ہے اور اس اجلاس میں بھی اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرے گا۔

اسحاق ڈار اجلاس سے خطاب کے دوران اسرائیل کے غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے کو سختی سے مسترد کریں گے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امداد کی فراہمی پر زور دیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اجلاس کے دوران 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا جائے گا، القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دینے پر بھی زور دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورۂ بنگلہ دیش، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور

دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اہم او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

Scroll to Top