پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کا اہم دورہ کیا انہوں نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
ڈھاکہ میں اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر کی قیادت میں بنگلہ دیشی وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں تعاون، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کی بحالی خوش آئند ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان برادرانہ جذبات اور مشترکہ سماجی روایات موجود ہیں جنہیں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کئی سال بعد بنگلہ دیش کا دورہ ان کے لیے باعث مسرت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے سارک کے قیام میں بنگلہ دیش کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی تعاون کے فروغ میں دونوں ممالک کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی غیر متوقع دعوت، کیا اپوزیشن مذاکرات کی میز پر آئے گی؟
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گزشتہ ایک سال میں نمایاں طور پر فروغ پائے ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔





