پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں الیکٹرک بائیکس سے نوازا۔

یہ تقسیم نیو انرجی وہیکلز پالیسی کے تحت اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران عمل میں آئی، جس میں ملک کے مختلف تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو مدعو کیا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ طلبہ کو یہ بائیکس مکمل میرٹ پر فراہم کی گئی ہیں تاکہ ان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی طور پر 10 فیصد اضافی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، تاکہ محروم علاقوں کو بھی نمائندگی مل سکے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اور الیکٹرک وہیکلز پالیسی حکومت کے گرین انیشیٹیوز کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس پالیسی کی تشکیل میں معاونت کرنے والے تمام اداروں اور برطانوی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک مؤثر قدم بھی ہے۔

Scroll to Top