تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس سال کی عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے ایک بڑا اور بامقصد فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ کانفرنس پر خرچ ہونے والے کروڑوں روپے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی پر صرف کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے سوشل میڈیا کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ’’پاکستان کے مختلف اضلاع میں آنے والے سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔ یہ وقت سیاست یا تنقید کا نہیں، بلکہ انسانی خدمت اور یکجہتی کا ہے۔‘‘
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث ملک میں بہت تباہی ہوئی ہے اور لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں، انسانیت دکھی اور سوگوار ہے، اسی لیے ہم نے اس سال لوگوں کی پریشان حالی کے باعث فیصلہ کیا ہےکہ کروڑوں روپے جو عالمی میلاد کانفرنس پر خرچ ہوتے ہیں وہ سیلاب زدگان کی امداد پر خرچ کیے جائیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید اعلان کیا کہ اس سال روایتی انداز سے مینارِ پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس ایوانِ اقبال لاہور منتقل کی جائے گی تاکہ اخراجات میں کمی لا کر زیادہ سے زیادہ فنڈز متاثرین کی بحالی پر خرچ کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن ہر سال 11 اور 12 ربیع الاول کی شب کو مینار پاکستان لاہور میں عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے، جس میں دنیا بھر سے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام شرکت کرتے ہیں۔ لاکھوں شرکاء پر مشتمل اس روحانی اجتماع کو دنیا بھر میں براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا صارفین اور عوامی حلقوں کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، اور اسے موجودہ حالات میں ایک مثبت، انسان دوست اور ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔





