خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کا بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے نرسری سے جماعت ہشتم تک کے لیے سمسٹر سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تعلیمی سال کو فال (خزاں) اور سپرنگ (بہار) سمسٹروں میں تقسیم کیا جائے گا۔
نئے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق، یہ نظام دو مختلف زونز—سمر زون اور ونٹر زون— میں نافذ کیا جائے گا، تاکہ موسمی حالات کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
سمر زون کے لیے شیڈول:
فال سمسٹر: 1 ستمبر تا 31 دسمبر
سپرنگ سمسٹر: 16 جنوری تا 31 مئی
گرمیوں کی تعطیلات: جون تا اگست
متعلقہ اضلاع: پشاور، ڈی آئی خان، مردان، صوابی اور دیگر میدانی علاقے
ونٹر زون کے لیے شیڈول:
سپرنگ سمسٹر: 1 مارچ تا 30 جون
فال سمسٹر: 1 اگست تا 22 دسمبر
سردیوں کی تعطیلات: دسمبر تا فروری
متعلقہ اضلاع: سوات، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ اور دیگر بالائی علاقے
محکمہ تعلیم کے مطابق، ہر سمسٹر کے الگ الگ امتحانات لیے جائیں گے اور دونوں کے نتائج کو مساوی اہمیت دی جائے گی۔ بچوں پر تعلیمی بوجھ کم کرنے کے لیے یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ درسی کتب کو دو حصوں میں چھاپا جائے، تاکہ ایک وقت میں کم کتابیں اسکول لانی پڑیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام عالمی تعلیمی معیارات کے مطابق ہے اور اس سے نہ صرف طلبہ کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ اساتذہ کو بھی تعلیمی منصوبہ بندی میں سہولت ملے گی۔
ماہرین تعلیم نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے درست طریقے سے نافذ کیا جائے تو یہ اقدام تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔