سیلاب نے ماں کی گود اجاڑ دی، بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے

سیلاب نے ماں کی گود اجاڑ دی، بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے

پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقے وزیرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں کے تین نومولود بچے صرف اس وجہ سے جان کی بازی ہار گئے کہ وہ بروقت اسپتال نہ پہنچ سکی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے نواحی علاقے سوہدرہ کے رانا گاؤں میں سیلابی صورتحال کے باعث سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، جس کے باعث نقل و حرکت شدید متاثر ہے۔ انہی حالات میں ایک حاملہ خاتون کو ایمرجنسی طبی امداد کی ضرورت تھی، تاہم رستے بند ہونے کے باعث وہ اسپتال نہ جا سکی۔

ریسکیو حکام کے مطابق خاتون نے راستے میں ہی تین بچوں کو جنم دیا، جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل تھے۔ بدقسمتی سے بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے تینوں نومولود دم توڑ گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اگر سیلابی پانی کے باعث راستے بند نہ ہوتے اور طبی سہولیات دستیاب ہوتیں تو شاید یہ قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔

یہ واقعہ نہ صرف سیلاب کی شدت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہمارے نظامِ صحت اور ہنگامی رسپانس میں موجود کمزوریوں کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔ مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے علاقوں میں فوری میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں اور رسائی کے راستے کھولنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

Scroll to Top