سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ڈھڈاہارہ میں سوزوکی اور موٹر کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں بارہ افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کیں، ریسکیو 1122 سوات کی تین ایمبولینسیں میڈیکل ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک تھی جنہیں فوری طور پر سنٹرل ہسپتال سیدو جبکہ دیگر زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل منتقل کیا گیا۔
زخمیوں میں زاہد خان ، طلحہ، مفازہ ، فاطمہ، دلشاد، عائشہ، زینب، ایان، عریشہ، ارزیہ اور ہورین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افسر شاہی انداز، سرکاری پروٹوکول، فرنٹ سیٹ پر کتے کی سواری، ویڈیو وائرل
زخمیوں کا تعلق کبل اور کوٹلی کے علاقوں سے بتایا جا رہا ہے، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باعث قیمتی جانوں کو بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی، پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔