پاکستان میں عالمی مارکیٹ سے چینی کتنی مہنگی ہے،تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں چینی کی قیمت عالمی منڈی کے مقابلے میں 30 روپے فی کلو زیادہ ہے۔

اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے باعث گنے کی فصل متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، جو آئندہ مہینوں میں چینی کی قلت یا قیمتوں میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

اجلاس کی صدارت کنوینر مرزا اختیار بیگ نے کی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ملک میں درآمدی چینی کی قیمت فی کلو 197 روپے 50 پیسے ہے جس میں 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس شامل ہے۔ ٹیکس نکالنے کے بعد چینی کی بنیادی قیمت 167 روپے 50 پیسے فی کلو بنتی ہے۔

حکام نے وضاحت کی کہ عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں قیمت میں یہ فرق بنیادی طور پر شپنگ چارجز اور دیگر درآمدی اخراجات کی وجہ سے ہے۔

مزید بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کی اجازت سے حکومت کو چینی کی امپورٹ پر ٹیکس چھوٹ حاصل ہے لیکن یہ سہولت صرف سرکاری سطح پر کی جانے والی درآمدات کے لیے مخصوص ہے نجی شعبے کو کسی قسم کی ٹیکس رعایت نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا اٹلس نے 2026 کے نئے ماڈلز متعارف کروا دیے

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت اب تک 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کر چکی ہے تاکہ مقامی سطح پر ممکنہ قلت پر قابو پایا جا سکے۔

Scroll to Top