سلمان علی خان
بنوں: ایف سی ہیڈکوارٹر پر خوارج کے حملے کو سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کے بعد ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران چھ دہشتگرد، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، مارے گئے جبکہ 16 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق پانچ مسلح دہشتگرد صبح سویرے ہیڈکوارٹر میں داخل ہوئے اور شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی کے باعث علاقے میں گھنٹوں تک گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں گونجتی رہیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگ خوفزدہ ہو کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوئے۔
آپریشن کی قیادت ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی نے خود کی جبکہ کوئیک رسپانس یونٹ اور بھاری نفری نے بھرپور حصہ لیا۔ تمام داخلی و خارجی راستے بند کر کے علاقے کو کلیئر کیا گیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بڑی قربانی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا۔ ان کے مطابق کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور صورتحال پر مکمل کنٹرول ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا مقصد بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچانا تھا مگر بروقت کارروائی سے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔ایف سی لائن حملے میں خودکش بمبار سمیت چھ دہشت گرد ہلاک کردئیے ، جبکہ پولیس سیکورٹی اہلکار اور عام شہری سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
سجاد خان نے بتایا جبکہ پانچ ایف سی اہلکاروںسمیت چھ اہلکار شہید ہوگئے ہیں ، دہشتگردوں کی عزائم خاک میں مل دیئے اور 12 گھنٹوں کے دوران آپریشن مکمل کرلیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری، سوئٹزرلینڈ نے فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا
آئی جی خیبرپختونخوا نے بھی تصدیق کی کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر بڑا حملہ ناکام بنایا گیا اور دہشتگردوں کی سازش کو وقت پر ختم کر دیا گیا۔





