گلگت بلتستان :استور میں آلودہ پانی سے 400 سے زائد افراد متاثر، اسکول بند

 گلگت بلتستان کے ضلع استور میں آلودہ پانی کے باعث 400 سے زائد افراد بیمار ہو گئے ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر طبی کیمپ قائم کر دیے ہیں، جبکہ تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر استور کے مطابق متاثرین کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال عیدگاہ، گوریکورت اور دیگر مراکز صحت میں منتقل کیا گیا ہے۔ زیادہ تر متاثرین کا تعلق خواتین اور بچوں سے ہے، جن کی حالت مختلف نوعیت کی ہے۔

واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آلودگی کی وجہ راما واٹر سپلائی اسکیم کی لائن میں لیکیج ہے، جس کے باعث پانی میں گندگی شامل ہو گئی۔ اس اسکیم کے ذریعے ضلع کے کم از کم 6 شہری علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ تمام اسکولز آج بند رہے اور کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پانی کو استعمال سے پہلے اُبال کر پینے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں ایف سی ہیڈکوارٹر واقعے کی تفصیلات سامنے آگئیں

انتظامیہ کی جانب سے واٹر سپلائی لائن کی فوری مرمت اور پانی کے معیار کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top