نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق بالائی علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جبکہ نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں ہو چکی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بارشوں کے اسپیل کے اثرات جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ تک پہنچ سکتے ہیں، جہاں 6 ستمبر سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خاص طور پر ساحلی علاقوں جیسے بدین، سجاول اور تھرپارکر میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، غیر معمولی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ 4 سے 5 ستمبر کے دوران پنجند کے مقام پر دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے جمع ہونے کا امکان ہے جس سے علاقے میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم ایز کو ممکنہ خطرات سے پیشگی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ادارہ عوام کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ حساس علاقوں میں رہائش پذیر ہوں تو متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں، اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
یہ بھی پڑھیں : آسان کاروباراسکیم ،قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اب تک متاثرہ علاقوں میں تقریباً 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے، جبکہ امدادی کارروائیوں میں حکومت، فلاحی ادارے اور افواج پاکستان مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔