انسدادِ دہشتگردی عدالت کا فیصلہ، عمران خان کے بھانجے شاہ ریز کو ریلیف

انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے آج سنایا۔

دوران سماعت ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کے شواہد پیش نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے یہ مؤقف اپنایا کہ اُن پر صرف کارکنوں کو اکسانے کا الزام ہے جو کسی قانونی بنیاد پر پورا نہیں اُترتا۔

 سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بیان حلفی کی تصدیق تاحال باقی ہے لہٰذا درخواست کو مسترد کیا جائے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے شاہ ریز کی ضمانت منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیں : 24 سے 48 گھنٹے میں مزید بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

واضح رہے کہ شاہ ریز کو 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں لاہور سے گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے بھائی شیر شاہ اب بھی زیرِ حراست ہیں اور ان کے کیس کی سماعت آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

Scroll to Top