خیبرپختونخوا پولیس نے اپنے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پورے پولیس نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ہیومین ریسورس منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نام سے ایک ایپ تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے پولیس اہلکاروں کے سروس ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔
اس ایپ کے ذریعے پولیس اہلکاروں کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی تفصیلات کی نشاندہی ممکن ہوگی جبکہ بھرتیوں اور ریٹائرمنٹ کے ریکارڈ کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پروموشن، تربیت اور ڈسپلنری کارروائیوں کے تمام ریکارڈز کو بھی ڈیجیٹل فارم میں منتقل کیا جائے گا، جس سے انتظامی امور میں شفافیت اور آسانی آئے گی۔
سینٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ اس ایپ کی مدد سے گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی، جس سے پولیس فورس میں بہتری اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ یہ قدم خیبرپختونخوا پولیس کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور انتظامی مسائل کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس اقدام سے پولیس انتظامیہ کو اہلکاروں کے ڈیٹا کا مؤثر اور بروقت انتظام ممکن ہوگا اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔





