بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں اضافی پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت آبی وسائل نے نقصانات سے بچاؤ کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ہریکے اور فیروز پور کے علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جس سے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب کی تیز بہتی لہروں کی وجہ سے ملتان سمیت دیگر علاقے بھی شدید خطرے میں ہیں۔ شیرشاہ برج اور ہیڈ محمد والا پر پانی کے دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں گیج لیول 414 کی حد سے تجاوز کر چکا ہے۔ ہیڈ مرالہ سے نکلنے والا پانی ہیڈ خانکی کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے مظفرگڑھ اور علی پور میں صورتحال سنگین ہونے کا امکان ہے۔
احمدپور شرقیہ کے قریب مکھن بیلہ کا حفاظتی زمیندارہ بند ٹوٹ جانے کے باعث سیکڑوں ایکڑ کھڑی فصلیں اور بستیوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ ہیڈ خانکی اور قادرآباد پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بستیاں زیر آب آ چکی ہیں اور مکانات و مویشی بھی بہہ گئے ہیں۔ مزید برآں، کبیروالا میں سدھنائی کینال کا حفاظتی بند بھی ٹوٹ گیا ہے، جو علاقے میں سیلاب کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ سیلابی صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔





