سہ فریقی سیریز! فیصلہ کن مرحلہ، قومی ٹیم آج یو اے ای کے خلاف میدان میں اُترے گی

سہ فریقی سیریز! فیصلہ کن مرحلہ، قومی ٹیم آج یو اے ای کے خلاف میدان میں اُترے گی

سہ فریقی کرکٹ سیریز کا اہم ترین مرحلہ آج شروع ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان کی قومی ٹیم شارجہ کے میدان پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مدمقابل آئے گی۔

یہ میچ سیریز کا پانچواں اور پاکستان کے لیے فائنل تک رسائی کا فیصلہ کن مقابلہ ہوگا۔پاکستان اور افغانستان چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

تاہم، فائنل میں رسائی یقینی بنانے کے لیے پاکستان کو آج کی بازی ہر صورت میں جیتنا ہوگی۔ شکست کی صورت میں گرین شرٹس کو کل ہونے والے افغانستان بمقابلہ یو اے ای کے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب یو اے ای کی ٹیم تاحال سیریز میں پہلی فتح کی منتظر ہے، اور آج کا میچ ان کے لیے ’’کرو یا مرو‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ فائنل میں رسائی کے لیے یو اے ای کو اپنے باقی دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا فائنل 7 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، جس میں سرفہرست دو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

کرکٹ شائقین کی نظریں آج کے میچ پر جمی ہوئی ہیں، اور مداحوں کو امید ہے کہ قومی ٹیم شاندار کارکردگی دکھا کر فائنل کا ٹکٹ کٹوانے میں کامیاب ہو گی۔

Scroll to Top